وزیراعظم نے صوفی خواجہ معین الدین چشتیؒ کے پیغامات کاذکرکیا،پوری دنیاکے مسلمانوں کورمضان المبارک کی مبارکباددی
ہرات4جون(آئی این ایس انڈیا)افغانستان کے مختصر دورے پر آئے وزیر اعظم نریندر مودی کو آج یہاں ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز’’امیر امان اللہ خان ایوارڈ‘‘سے نوازا گیا۔افغان بھارت ڈیم کے افتتاح کے بعد افغانستان کے صدر اشرف غنی نے مودی کواس اعزازسے نوازا۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ایک تصویر کے ساتھ ٹویٹ کیا ہے’’سچا بھائی چارہ ‘‘،وزیر اعظم کوافغانستان کے اعلی ترین شہری اعزاز امیر امان اللہ خان ایوارڈسے سرفرازکیاگیا۔ڈیم کے افتتاح کے بعد اپنی25منٹ طویل تقریر میں مودی نے ملک کے چشت میں پیدا ہوئے صوفی خواجہ معین الدین چشتی کا بھی ذکر کیا۔وہ راجستھان کے اجمیر میں بس گئے تھے اور اس وقت ان کی درگاہ پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ آتے ہیں۔ایران کی سرحد سے ملحقہ ہرات صوبے کے مغربی حصے میں واقع چشت شریف میں مودی نے کہاکہ بھارت میں پہلے چشتی سنت، خواجہ معین الدین چشتی نے کہا ہے کہ لوگوں میں سورج جیسا پیار، دریا جیسی سخاوت اور زمین جیسی مہمان نوازی کا احساس ہونا چاہئے۔وزیر اعظم نے کہاکہ ان کے ذہن میں صرف اپنے آبائی مقام کی خوبصورت تصویر ہی نہیں تھی، بلکہ وہ افغان لوگوں کی بھی وضاحت کر رہے تھے۔لہٰذاجب دسمبر میں میں کابل آیا تو آپ کی مہمان نوازی میں آپ کے دلوں کی محبت دیکھا۔وزیر اعظم نے تقریر ختم کرتے ہوئے افغانستان کے لوگوں اور پوری دنیا کے مسلمانوں کو پاک مہینہ رمضان کی مبارکباددی۔